اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی اخراج مقدمہ کی درخواستیں منظور کر تے ہوئے مقدمات خارج کردیے۔منگل کواسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فیصلہ سنا دیا۔سربراہ عوامی لیگ شیخ رشید کی ایک ہی الزام پر مختلف صوبوں ، اسلام آباد میں درج مقدمات خارج کرنے کی درخواستیں منظور کرلی گئیں، عدالت نے شیخ رشید کے خلاف تھانہ موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات خارج کر دیے۔شیخ رشید فیصلہ سننے کےلیے کمرہ عدالت میں موجود تھے ، شیخ رشید پر بلاول کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔شیخ رشید نے آصف علی زرداری پر بانی پی ٹی آئی کے قتل کی سازش کا الزام بھی لگایا تھا ، شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد کے علاوہ سندھ اور بلوچستان میں بھی مقدمات درج کیے گئے تھے۔