اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ مذہب کا نام لے کر دہشتگردی کے واقعات کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ہم نے دنیا میں اسلام کا پرامن چہرہ دکھانا ہے،چینی ورکرز کو فوج براہ راست سکیورٹی دے گی، حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا مقصد سی پیک کے راستے میں رخنہ ڈالنا ہے،چین کا نقصان ہمارا اپنا نقصان ہے، چینی قیادت کو
بھی معلوم ہے غیر ملکی عناصر واقعات میں ملوث ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔حالیہ دہشتگردی واقعے کی تحقیقات کی پیشرفت سے چینی قیادت کو آگاہ کیا ہے، سوات میں غیر ملکی فرم ہوٹل بنانا چاہتی تھی لیکن مدین واقعہ دیکھ کر چلی گئی، جڑانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا میں بھی اس طرح کے واقعات ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عنقریب چینی ماہرین کا وفد پاکستان آ رہا ہے۔ ماضی میں چین جیسے ملک کو نظر انداز کیا گیا۔ چین نے سی پیک فیز ٹو کےلیے 5 کوریڈور کا خود اعادہ کیا ہے۔