جہلم(آن لائن) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی مسلم لیگ ن سے صلح ہوگئی ہے،کسی کی خواہش پر وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بن سکتے، وفاقی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ پارٹی کرے گی،ملک میں فوجی آپریشن کی ماضی میں بھی ضرورت تھی اب بھی ہے، ماضی میں دہشتگردی کے خاتمے کےلیے آپریشن کے اقدامات کو بہت سراہا گیا تھا۔جہلم میں پیر پشاوری کے سالانہ عرس کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میڈیا والے پیچھے رہ گئے ہیں وہ اس بار نیوز نہیں بناسکے ،ن لیگ نے پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کردیے ہیں، اور دونوں جماعتوں کی صلح ہوگئی ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی دھمکی دینے والی جماعت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت حکومت کا حصہ نہیں ہیں لیکن ان کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔پیپلزپارٹی معاشی صورت حال کو کنٹرول کرنے کےلیے اپناکردار ادا کر رہی ہے تاکہ حکومت مضبوط ہواورمعیشت کی بہتری کےلیے مل جل کر اقدامات کئے جائیں۔