29 جون کو بینظیر انکم سپورٹ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا

154

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ٹائون چیئرمین مصطفی بلال شیخ کا ایک اور احسن اقدام ، ٹائون میاں سرفراز میں 29 جون بروز ہفتہ کو صبح 8 سے شام 4 بجے تک بینظیر انکم سپورٹ کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ٹائون میاں سرفراز کی حدود میں رہنے والے مستحق خواتین، بزرگ، شہریوں کی رجسٹریشن کی جائے گی، شہریوں سے التماس ہے کہ اپنے ساتھ اصل شناختی کارڈ لے کر آئیں۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی بلال شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت غریب اور مستحق شہریوں کو ان کے پیروں پر کھڑا کرنا چاہتی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر لوگوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستحقین کی مدد کرنا ہمارا دینی اور قومی فریضہ بھی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم اصل حقداروں تک پہنچے تاکہ ان کے مسائل کا ازالہ ہو سکے، رجسٹریشن کیمپ میں شہریوں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، ہمارا کام زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ مصطفی بلال شیخ نے کہا کہ میری انکم سپورٹ کے مستحق لوگوں سے التماس ہے کہ وہ دن اور وقت کا خاص خیال رکھیں اور اپنی رجسٹریشن کرائیں تاکہ انہیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ جاری کیے جا سکیں۔