سکھر (نمائندہ جسارت) پی ٹی آئی سندھ نے سکھر بیراج کے گیٹ کے نقصان پر فوری عدالتی تحقیقات کرائی جانے کا مطالبہ کر دیا، سکھر بیراج گیٹ ٹوٹنے کے معاملے پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے چیف سیکرٹری سندھ کو ایک خط لکھ دیا، خط میں سکھر بیراج کے گیٹ نمبر 47 اور 44 کو حالیہ نقصان کے بارے میں سنگین خدشات کا اظہار کیا گیا ہے خط میں انہوںنے کہا ہے کہ قومی میڈیا اور مختلف اطلاعات نے ان نقصانات کی
رپورٹ دی ہے، جس کی وجہ سے تمام منسلک نہروں، بشمول نارا، روہڑی، خانپور ایسٹ، خانپور ویسٹ، دادو، رائس، اور کیرتھر نہر کی بندش ہو گئی ہے، جس سے سندھ میں 80 لاکھ ایکڑ زرعی زمین شدید متاثر ہورہی ہے،خط میں حلیم عادل شیخ نے لکھا ہے کہ اس بحران کی وجہ سے سندھ کے ہر ضلع میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، خاص طور پر ان کسانوں پر اثر پڑا ہے جنہوں نے حال ہی میں دھان کے بیج بوئے تھے۔ اربوں روپے مالیت کے یہ بیج خشک ہو رہے ہیں، جس سے نہ صرف آنے والی دھان کی فصل بلکہ کپاس، گنا اور دیگر فصلوں کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ متعلقہ محکمے کی جانب سے بروقت مرمت نہ کرنے سے صوبے میں ایک بڑے پیمانے پر امن وامان کے مسئلے کا خدشہ بڑھ رہا ہے، انہوں نے نشاندہی کی ہے کہ محکمہ آبپاشی اس تباہی کا مکمل طور پر ذمے دار ہے۔ الزامات ہیں کہ گیٹ کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا گیا تاکہ کچھ افسران کرپشن کر کے فائدہ اٹھا سکیں، کسانوں کی فصلوں اور صوبے کی زراعت اس وقت داﺅ پرہے۔