کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں عمارت کے نیچے قائم دکان میں کھدائی کے دوران عمارت گرگئی۔ واقعہ لیاقت آباد10 نمبر میں بھورے خان سینٹر پر زیر تعمیر عمارت میںحادثہ پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کباڑی گلی میں بلڈنگ زمین بوس ہونے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عہدیداروں کے مطابق عمارت کے نیچے قائم دکان میں کھدائی کا کام چل رہا تھا۔ واضح رہے کہ لیاقت آباد 10 نمبر میں گلیاں انتہائی تنگ ہیں اور بیشتر رہائشی عمارتیں کثیر منزلہ ہیں۔ ایسے میں کسی بھی حادثے کی صورت میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنا قدرے مشکل ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے عمارت گرنے کا نوٹس لے لیا۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سینٹرل سے فوری رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ سعید غنی نے کہا کہ اس واقعہ کے پس پشت تمام عوامل کو رپورٹ میں واضح کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس بی سی اے فوری طور پر کراچی میں مخدوش قرار دی گئی تمام عمارتوں کو خالی کروا کر ان کو منہدم کرے، ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔