بلاول 300 یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ پورا کریں، خرم شیر زمان

105

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں بجلی نہیں لیکن بل ایسے آرہے ہیں جیسے ہمارے پاس خزانے ہیں، کراچی میں بجلی نہ ہونے سے کاروبار ٹھپ ہے، کراچی میں اس وقت نہ گیس ہے، نہ پانی ہے اور نہ بجلی جبکہ بلاول زرداری نے کہا تھا کہ جیت کر آئے تو 300 یونٹ مفت بجلی دیں گے، وہ جھوٹے بیانات کہاں گئے ؟ سندھ کی اپوزیشن اور حکومت نے مشترکہ اجلاس میں کے الیکٹرک کو ذمہ دار ٹہرایا حالانکہ اس کے برعکس حقیقت تو یہ ہے کہ قرضے میں ڈوبی سندھ حکومت کے الیکٹرک کو واجبات نہیں دے پارہی تو اس میں کے الیکٹرک ذمہ دار کیسے ہوئی؟ انھوں نے مزید کہا کہ بجٹ اور انتخابی ایجنڈے میں عوام کو سنہرے خواب دکھائے گئے۔ بلاول زرداری نے کہا تھا کہ عوام کو مشکلات سے صرف پیپلز پارٹی نکال سکتی ہے، کہاں گیا وہ بیان؟ خرم شیر زمان نے کہا کہ قوم کو جھوٹ بتاکر جعلی ووٹوں سے بنی پی ڈی ایم حکومت عوام پر سودے بازی بند کرے۔ انھوں نے چیف جسٹس پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ ملک میں جاری توانائی بحران پر ازخود نوٹس لیں۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے وزیراعلی وفاق کے سامنے بے بس نظر آرہے ہیں، دوسری جانب ملکی تاریخ کی بدترین حکمرانی کے باعث تمام بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے۔