افغانستان پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں داخل

257
جلال آباد: افغان شائقین ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغان ٹیم کی فتح کا جشن مناتے ہوئے

نیو یارک(نمائندہ خصوصی)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 8رنز سے شکست دیکر پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔بارش سے متاثرہ میچ میں افغان ٹیم نے بنگلا دیش کو 116رنز کا ہدف دیا تاہم معمولی ہدف بنگال ٹائیگرز کیلئے پہاڑ بن گیا اور پوری ٹیم محض 105رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس 54رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔ دیگر کھلاڑیوں میں تنزید حسن، کپتان شکیب الحسن، رشاد حسین اور مستفیض الرحمان صفر پر پویلین لوٹے جبکہ توحید ہردوائے 14اور سومیا سرکار 10رنز بناکر نمایاں رہے۔افغانستان کی جانب سے نوین الحق اور راشد خان نے 4، 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اس سے قبل میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کے بلے باز بھی مشکلات کا شکار رہے، افغان ٹیم کے کھلاڑی اسکور بورڈ پر بڑا ٹارگٹ سیٹ کرنے سے قاصر رہے اور مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر صرف 115رنز بناسکے۔افغان اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنانے کے بجائے انتہائی محتاط انداز اختیار کیا، دونوں کے درمیان 10.4اوورز میں صرف 59رنز کی پارٹنر شپ بنی، ابراہیم زردان نے 29گیندوں پر 18رنز بنائے، جبکہ رحمان اللہ گرباز 55 گیندوں پر 43رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بعد میں آنے والے بیٹسمین رنز کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں کامیاب نہ ہو سکے، عظمت اللہ عمر زئی 10، گلبدین نائب 4، اور محمد نبی 1رن بنا سکے۔ کریم جنت 7اور کپتان راشد خان 19رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔بنگلا دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔