کراچی (اسٹاف رپورٹر) شدید گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک کراچی والوں کے جان کی دشمن بن گئی، شہر کا کوئی علاقہ لوڈشیڈنگ سے نہ بچا۔ کراچی میں شدید گرمی کے باوجود شہریوں کو بجلی میسر نہیں، دن ہو یا رات، کہیں مرمت کے نام پر تو کہیں لوڈشیڈنگ کی صورت میں شہری بجلی سے محروم ہیں اور دہری اذیت برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ 100 فیصد بلنگ والے علاقوں کو بھی مرمت کے نام پر بجلی کی بندش کا عذاب جھیلنا پڑ رہا ہے، تکنیکی فالٹ اور منٹیننس کے نام پر کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 16 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دن ہو یا رات، گھروں میں پنکھے نہیں چلتے، بجلی آتی نہیں لیکن بل ہوش اڑا دیتے ہیں۔ نارتھ کراچی، لیاری، شاہ فیصل، لانڈھی، کورنگی، ملیر، گلستان جوہر ہو یا صفورا، شہر کا کوئی علاقہ بجلی کی بندش سے محفوظ نہیں رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے شدید گرمی میں عوام کو مشکل میں مبتلا کرنے کے بجائے بجلی فراہم کی جائے۔