بھارت:راہول گاندھی نے 10 سال سے خالی اپوزیشن لیڈر کا عہدہ سنبھال لیا

218

نئی دہلی: بھارت میں اپوزیشن لیڈر کا 10 سال سے خالی پڑا عہدہ حزب اختلاف کی بڑی جماعت کانگریس کے راہول گاندھی نے سنبھال لیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق کانگریس کے جنرل سیکرٹری کے سی وینیو گوپال نے بتایا کہ راہول گاندھی کو اپوزیشن لیڈر کا عہدہ مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی لوک سبھا (ایوان زیریں) میں  عوام کی توانا آواز ثابت ہوں گے۔ ان کی موجودگی سے حکومت کو اہم معاملات پر جوابدہ ہونا پڑے گا۔

واضح رہے کہ بھارت میں لوک سبھا (ایوان زیریں) میں اپوزیشن لیڈر کا پارلیمانی عہدہ گزشتہ 10 سال سے خالی پڑا تھا۔ بھارتی آئین کے مطابق حزب اختلاف کی کسی بھی پارٹی کو یہ عہدہ لینے کے لیے ایوان کی ٹوٹل سیٹوں کا 10 فی صد (یعنی 54 سیٹیں) حاصل کرنا ضروری ہے، تاہم  اتنے عرصے سے  بھارتی حزب اختلاف کی کوئی جماعت اتنی سیٹوں پر کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھی۔

بھارت میں اپوزیشن لیڈر کو کابینہ کے رکن کا درجہ حاصل ہوتا ہے، اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر چیف الیکشن کمشنرز، الیکشن کمشنرز اور سی بی آئی ڈائریکٹر کو منتخب کرنے والے پینل میں بھی شامل ہوتا ہے۔