کراچی میں شدیدگرمی سے انسان تو انسان جانور بھی متاثر ہونے لگے۔
ترجمان کراچی کیٹل فارمزایسوسی ایشن ،شبیرڈار کے مطابق تین روز میں گرمی سے 150 جانور مرگئے۔ بروقت علاج معالجہ نہ ہونے سے فارمرز کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔
شبیرڈار کے مطابق مشکلات کے باوجود محکمہ لائیواسٹاک کے ویٹنری ڈاکٹرز غائب ہیں، محکمہ لائیواسٹاک دیکھ بھال اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائے۔
قبل ازیں گزشتہ روز کراچی میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچنے کے بعد شہریوں کی ہمت جواب دے گئی۔ چار روز کے دوران شدید گرمی سے متاثرہ 70 سے زائد افراد سول اور جناح اسپتال پہنچ گئے۔
اے ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر نظام کا کہنا ہے کہ سول اسپتال میں گرمی لگنے سے67متاثرہ افراد ایمرجنسی لائے گئے، زیادہ ترعمر رسیدہ یامختلف بیماریوں کا شکارافراد لائے گئے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں اگلے 2روز تک جزوی ہیٹ ویوورہے گی، ہواؤں کارُخ تبدیل ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، اب سے2روز کے بعددرجہ حرارت میں کمی متوقع ہے جبکہ جولائی کے پہلے ہفتے سے مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کاامکان ہے۔