کراچی: شدید گرمی کے دوران ایک ہفتے میں 542 میتیں سرد خانے منتقل

232

کراچی میں ایک ہفتے کے دوران ایدھی کے تین سرد خانوں میں 542 میتیں منتقل کی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران گرمی کی شدت سے ہلاک ہونے والوں میں ایدھی کے 3 سرد خانوں میں 526 میتیں لائی گئیں ہیں۔

ایدھی کے سربراہ فیصل ایدھی نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایدھی سرد خانوں میں لائی گئی لاشوں کی تعداد میں 4 گناہ اضافہ ہوا ہے، ایک ہفتہ کے دوران مختلف وجوہات کی بناء پر 526 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ان افراد کی موت کی حتمی وجہ کے بارے میں ایدھی حکام کو واضح معلوم نہیں ہے۔

فیصل ایدھی نے بتایا کہ ایدھی سردخانوں میں عموما روزانہ 30 سے 40 میتیں لائی جاتی ہیں لیکن گذشتہ کچھ روز سے روزانہ 100 سے 140 میتیں سردخانوں میں لائی جارہی ہیں۔

فیصل ایدھی کے مطابق پیر کو86 افراد کی لاشیں سرد خانے لائی گئیں۔23 جون کو 140 افراد کی میتیں سرد خانے منتقل کی گئیں۔22 جون کو 90 لاشیں سرد خانے لائی گئیں۔21 جون کو 79 افراد کی لاشیں میت خانے لائی گئیں۔ 20 جون کو 61 اور 19 جون کو 70 لاشیں منتقل کی گئیں۔