لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی بہتات، آوارہ کتوں نے ایک ہی دن میں 12 افراد پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا، جن میں 10 سالہ طارق، 4 سالہ فراز، 20 سالہ حمید علی، 33 سالہ محمد سلیم اور دیگر شامل ہیں، جنہیں ورثاء نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں واقع اینٹی ریبیز ویکسین سینٹر منتقل کر دیا، عملے کی جانب سے تمام زخمیوں کو بروقت ویکسین اور ضروری علاج فراہم کرکے گھر بھیج دیا گیا۔ اس حوالے سے اینٹی ریبیز ویکسین سینٹر کے عملے کا کہنا تھا کہ آوارہ کتوں کے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کا تعلق لاڑکانہ شہر اور گردونواح سے ہے، جنہیں بروقت ویکسینیشن اور ضروری علاج کے ساتھ گھر بھیج دیا ہے۔