گوادر کی ترقی جام کمال خان کے دور میں شروع ہو چکی تھی، نوید کلمتی

108

گوادر (نمائندہ جسارت) سابق صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ میر نوید جان کلمتی نے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی کا سفر جام کمال کے دورِ حکومت سے شروع ہوا تھا جسے سرفراز بگٹی کی حکومت آگے لے جارہی ہے، صوبائی حکومت کے موجودہ پی سی ڈی پی میں گوادر کے 75 فیصد ترقیاتی کام جاری ہیں، 70 کروڑ روپے پرائمری تعلیم کے لیے رکھے گئے ہیں جبکہ 80 کروڑ روپے ایم پی اے ضلع گوادر کو الگ دیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا موجودہ بجٹ متوازی بجٹ ہے، بجٹ پر حکومت و اپوزیشن نے اعتراضات نہیں اُٹھائے جو سرفراز بگٹی حکومت کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جام کمال خان کے وزارت اعلیٰ کے دور میں گوادر کی ترقی کی جدوجہد شروع ہو چکی تھی اور یہ جدوجہد گوادر کی ترقی کی جدوجہد ہے۔ موجودہ بجٹ میں ضلع کے لیے بہت سے پیسے نکالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، ضلع کا رقبہ بہت بڑا ہے جو ہنگول سے شروع ہوکر ایران بارڈر تک ختم ہوتا ہے، ہماری کوشش تھی کہ موجودہ پی ایس ڈی پی بجٹ میں گوادر کے لیے صحیح اسکیمیں شامل ہوں اور اگر یہ اسکیمیں کرپشن کی نظر نہ ہوں تو شہر ترقی کرے گا۔