کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ عرب امارات سے پاکستان کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے، مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں یواے ای کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر40 فیصدکااضافہ جبکہ درآمدات میں 22 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک اورپی بی ایس کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں متحدہ عرب امارات کو برآمدات سے ملک کو1.880 ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 40.18 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یواے ای کوبرآمدات سے ملک کو1.341 ارب ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہواتھا، مئی میں یواے ای کوپاکستانی برآمدات کاحجم 243.040 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواپریل میں 150.84 ملین ڈالراورگزشتہ سال مئی میں 134.58 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں متحدہ عرب امارات کوپاکستانی برآمدات کاحجم1.475 ارب ڈالرریکارڈکیا گیا تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں یواے ای سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر22.32 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں یواے ای سے درآمدات پر5.686 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.956 ارب ڈالرتھا، مئی 2024میں یواے ای سے درآمدات کاحجم 630.51 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا، جواپریل میں 522.15 ملین ڈالراورگزشتہ سال مئی میں 417.39ملین ڈالرتھا۔