اسلام آباد(نمائندہ جسارت) اپوزیشن الائنس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صدر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اب اگر آپریشن ہوا تو ملک کے حالات مزید خراب ہوجائیں گے، ملک کو اس نہج پر نہ لے جائیں ۔پیر کو قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تاریخ کی بدترین بحران کا شکار ہے،75 سال میں ہم ایک پاکستانی قوم بنانے میں ناکام رہے،کسی کو اچھا لگے یا براب پاکستان کی داخلی اور خارجہ پالیسی پارلیمنٹ میں بنے گی، ہمیں کالونی نہ سمجھا جائے ۔محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم کسی صورت آئین کی بے حرمتی کرنے نہیں دیںگے، اللہ کا حکم ہے جھوٹ بولنے والوں پر لعنت ہے مگر یہاں کوئی سچ نہیں بولتا، میں نے صرف یہ گناہ کیا اس بات کو تسلیم کرلیا کہ الیکشن عمران خان کی پارٹی جیت چکی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر مملکت آصف زرداری پاکستان کھپے کا نعرہ لگاتے ہیں مگر پاکستان اس وقت کھپے گا جب ہر صوبے کی عوام کا اپنے صوبے کے وسائل پر حق ہوگا،فاٹا کے عوام غم و غصے میں ہیں اور امن کے متلاشی ہیں، اْن کی بزدلی کو کمزوری نہ سمجھا جائے