اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ آپریشن عزم استحکام کو غلط سمجھا جا رہا ہے اور اس کا موازنہ گزشتہ مسلح آپریشنز جیسے ضرب عضب، راہ نجات وغیرہ سے کیا جا رہا ہے، کسی بڑے آپریشن پر غور نہیں کیا جارہا، یہ جاری آپریشن کو آگے بڑھانا ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاں آبادی کی نقل مکانی کی ضرورت ہو گی عزم استحکام پاکستان میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ایک کثیر جہتی، مختلف سیکورٹی اداروں کے تعاون اور پورے ریاستی نظام کا مجموعی قومی وژن ہے۔ اس کا مقصد نظرثانی شدہ قومی ایکشن پلان، جو کہ سیاسی میدان میں قومی اتفاق رائے کے بعد شروع کیا گیا تھا، کے جاری نفاذ میں ایک نئی روح اور جذبہ پیدا کرنا ہے۔