سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے انتخابات کا سلسلہ جاری، تین چیئرمین منتخب

184
chairmen have been elected

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے لئے چیئرمینوں کے انتخابات کا سلسلہ جاری ہے، ایوان بالا کی تین کمیٹیوں کے چیئرمین منتخب کر لئے گئے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریاستی و سرحدی امور کے چیئرمین کے انتخاب کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ سینیٹرسید مسرور احسن نے سینیٹر جان محمد کا نام چیئرمین کمیٹی کے لئے تجویز کیا جبکہ سینیٹر دوست محمد خان نے تائید کی۔ نومنتخب چیئرمین کمیٹی نے تمام اراکین کمیٹی کا اعتماد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اراکین کمیٹی کی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

سینیٹر سید مسرور احسن سینیٹ کمیٹی برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے چیئرمین منتخب ہو گئے ان کانام سینیٹر راحت جمالی نے تجویز کیا جبکہ سینیٹر دوست محمد خان نے تائید کی۔ بھرپور اعتماد پر چیئرمین کمیٹی نے تمام اراکین کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس اہم شعبے سے متعلق امور کا کمیٹی بغور جائزہ لے گی اور تمام اراکین کمیٹی کی مشاورت سے اس شعبے کی مزید بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

سینیٹر تاج حیدر کوسینیٹ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاق کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ان کا نام بطو ر چیئرمین کمیٹی تجویز کیاجبکہ سینیٹر دوست علی جیسر نے اس کی تائید کی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ تمام اراکین کمیٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اراکین کمیٹی کو ساتھ لے کر چلیں گے۔