لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں، ریاستی تنصیبات، عبادت گاہوں اور بے گناہ لوگوں پر حملے کرنے اور بم پھاڑنیوالے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، آپریشن عزمِ استحکام کا دائرہ صرف ایک صوبہ نہیں بلکہ پورا پاکستان ہوگا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی حکومت میں دہشت گردوں سے مذاکرات اور انہیں ڈھیل دینے کی باجوہ ڈاکٹرائن نے بیک فائر کیااور انہیں دوبارہ قدم جمانے کا موقع ملا جب کہ افغانستان کی امارت اسلامیہ اس مسئلے کو حل کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ وفاقی حکومت عسکری قیادت کے ذریعے پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے آن کیمرا سیشن میں آپریشن عزم استحکام کے بارے میں تمام سیاسی جماعتوں کواعتماد میں لے۔