وزیراعظم سے بل گیٹس کی ملاقات، پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار

354
completely eradicate polio

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے بل گیٹس نے ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن دونوں کے بہت سے اہداف ہیں جن میں صنفی فرق کو ختم کرنا، صحت کی سہولیات تک رسائی میں اضافہ، غذائی تحفظ کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور مالیاتی شمولیت شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے بل گیٹس کو مختلف شعبہ جات میں پیش رفت اور درپیش چیلنجوں سے آگاہ کیا۔اور پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے لیے سب سے بڑا عطیہ دہندہ ہونے پر گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے پولیو کے خاتمے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جب تک ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک اس حوالے سے قومی سطح پر کی جا رہی کوششوں کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔

اس موقع پربل گیٹس نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے مسلسل لگن اور ذاتی دلچسپی کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ مسلسل ویکسینیشن اور حکومت کے پختہ عزم کے ساتھ، پولیو کے خاتمے کی مہم میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے بل گیٹس نے ڈیٹا سائنس ٹولز اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو پاکستانیوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے اہم وسائل قرار دیا، دونوں شخصیات نے نہ صرف پولیو کے خاتمے بلکہ تمام صوبوں میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور تمام پاکستانیوں خصوصاً خواتین کی فلاح و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ بل گیٹس وزیراعظم پاکستان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے رواں سال ریاض میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں بل گیٹس کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔