پی ٹی آئی نے اقتدار چھننے کے بعد اسمبلی میں تماشا لگایا ہوا ہے، خواجہ آصف

191
snatching power

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے اقتدار چھننے کے بعد اسمبلی میں تماشا لگایا ہوا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ معاشی اہداف کو امن یا دوسرے دفاعی اہداف سے الگ نہیں کر سکتے، ایسا ماحول پیدا کرنا پڑے گا کہ پاکستانی اورغیرملکی سرمایہ کارخود کو محفوظ محسوس کریں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کے نتیجے میں بے شمار معاشی فوائد ملیں گے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار چھننے کے بعد اسمبلی میں تماشا لگایا ہوا ہے ، پی ٹی آئی والے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کو خط لکھ دیتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ معاہدے نہ کریں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ موجودہ ماحول میں معاشی اہداف حاصل کرنا جان جوکھم کا کام ہے، یہ رویہ حب الوطنی نہیں بلکہ ملک دشمنی کی خبر دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی اہداف سو فیصد امن سے نتھی ہیں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کو چائنیز کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے ، ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ دیا جائے گا ۔