عمران خان کا نااہلی کیخلاف زیرالتوا درخواست پر جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

188

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی نا اہلی کے خلاف زیر التوا اپیل کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے نااہلی کیخلاف زیر التوا درخواست پر جلد سماعت کیلئے درخواست دائر کردی۔

تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر نے جلد سماعت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی، جس میں کہا گیا کہ عمران خان سابق وزیراعظم اور سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، ان کو نااہل کرنے کے بعد پارٹی سربراہ سے ہٹانے کی کارروائی جاری ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کے خلاف اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹ میں مقدمات زیر التوا ہیں، سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس کی وجہ سے ہائی کورٹس میں کارروائی آگے نہیں بڑھ پا رہی ہے۔

دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ان مقدمات کی وجہ سے درخواست گزار بانی پی ٹی آئی ممبر اسمبلی منتخب نہیں ہو پا رہے، زیر التوا اپیل کی وجہ سے درخواست گزار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کیخلاف اپیل جلدسماعت کیلئے مقرر کی جائے۔