ایران کے زائرین‘ مسقط‘ کراچی اور گوادر کیلیے فیری سروس شروع کرنے پر غور

161

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ایران کے زائرین ، مسقط، کراچی اور گوادر کے لیے فیری سروس شروع کرنے پر غور کیا جارہا ہے، کراچی پورٹ کو اپ گریڈ کررہے ہیں، اس سال کے پی ٹی آمدن 7ارب تک لیکر جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی گزشتہ مالی سال میں آمدن2 ارب روپے تھی، اس سال اس آمدن کو بڑھا کر9 ارب تک لے گئے ہیں، آئندہ مالی سال میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت بحری امور اپنی بندرگاہوں سے فیری سروس شروع کرنا چاہتی ہے اس حوالے سے پہلے مرحلے میں پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے ایران زائرین، مسقط، کراچی اورگوادر کے لیے فیری سروس شروع کرنے پر غور کررہے ہیں۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے بھی رائے مانگ لی ہے۔ سعودی عرب کے لیے فیری سروس کے آغاز سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اب پاکستانی عازمین حج کی ترجیحی ہوائی سفر پر ہے کیونکہ چند گھنٹوں میں حجاز مقدس پہنچ جاتے ہیں ، اس لیے اب شاید فیری سروس کے لیے زیادہ مسافر نہ ملیں اس لیے اس پر کوئی کام نہیں ہورہاہے۔