پشاور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان آرچری فیڈریشن کے انتخابات غیر آئنی اور غیر قانونی ہے،کیونکہ اس ضمن میں ایک ثالثی کمیٹی کی تشکیل اور ان کی نگرانی میںآرچری فیڈریشن کے انتخابات کرانے کیلئے پشاور کے مقامی عدالت میں کیس زیر سماعت ہے اور 28 جون کو اگلی پیشی ہے۔لہذاوقت سے قبل اور ایک ثالثی کمیٹی کے بغیر آرچری فیڈریشن کے انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں ،پاکستان اسپورٹس بورڈ اور کمیٹی کی نگرانی میں الیکشن ہوگا۔پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان میں تیر اندازی کے بانی وصال محمد خان نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ سمیت متعلقہ محکموں کو اس معاملے سے آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد نے یہ جھوٹا دعویٰ کر کے ان اداروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے کہ پاکستان آرچری فیڈریشن کے انتخابات ہو چکے ہیں۔وصال محمد خان کے مطابق یہ کارروائیاں ذاتی فائدے کے لئے پاکستان میں تیر اندازی کو کمزور کرنے کے ایجنڈے کا حصہ ہیں، جس سے مختلف سازشوں کے ذریعے آرچری فیڈریشن کو خاصا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وصال محمد خان نے پاکستان میں تیر اندازی کو ایک مقبول قومی کھیل میں تبدیل کرنے کے لئے کئی سالوں سے کی جانے والی کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف شہروں میں صوبائی اور قومی سطح کے مقابلوں کے انعقاد، مقامی کوچز اور کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے لئے غیر ملکی کوچز کوبلانے اور متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستانی تیر اندازوں کی شرکت پر روشنی ڈالی۔