بھارت: میڈیکل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ میں کرپشن کیخلاف احتجاج، امتحانی سربراہ برطرف

263

نئی دہلی:بھارت میں میڈیکل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ میں کرپشن کیخلاف شدید احتجاج پر  امتحانی سربراہ کو برطرف کرکے  مزید تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے)کے سربراہ سبودھ کمار سنگھ کو اعلی تعلیم کے حالیہ امتحان میں کرپشن پر برطرف کر دیا گیا، بھارت میں رواں برس میڈیکل کالج میں داخلہ حاصل کرنے کیلئے 24لاکھ طلبا نے خصوصی امتحان میں حصہ لیا، 110ہزار نشستوں میں سے 55سے 60ہزار نشستیں سرکاری کالجوں کیلئے اور باقی نجی کالجوں کیلئے مختص ہیں۔

بھارتی طلبا اور انکے والدین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ امتحان سے قبل پیپر لیک کیے گئے، چیٹنگ کروائی گئی اور منظم کرپشن کرتے ہوئے طلبا کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا، امتحان میں حصہ لینے والے بے شمار طلبا نے بھی اعتراف کیا کہ ان کے سینٹرز میں چند مخصوص امیدواروں کو کھلم کھلا چیٹنگ کروائی گئی اور پیپر بھی لیک کیے۔

مودی کے ہندوستان میں نظام تعلیم بھی کرپشن کا شکار ہوگیا، تیسری بار مودی کے اقتدار میں آتے ہی کرپشن کی نئی کہانی منظرعام پر آگئی۔ کرپٹ افسران اور نظام تعلیم نے نوجوانوں کے مستقبل کو بھی دا ئوپر لگا دیا۔