بینظیر بھٹو کی بہادری کو دنیا نے تسلیم کیا، عبدالجبار خان

139

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو دنیا کی مدبر سیاستدان تھیں جو اقتدار میں آکر پاکستان کی تبدیلی کا سبب بنی ۔ بے نظیربھٹو کی بہادری اور جرات کو آج بھی دنیا میں مانا جاتا ہے ۔ انہوں نے جمہوریت کی بحالی کیلیے بے پناہ قربانیاں دیں تاریخ میںوہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ سائٹ ایریا حیدرآبادمیں شہید بے نظیربھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر فیصل جبار خان، ٹاؤن ناظم راج ولی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ عبدالجبار خان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد بے نظیربھٹو نے جس طرح ضیاء الحق کی آمریت کا مقابلہ کیا ، مظالم سہے ، جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں اور اپنے عوام کے حقوق کیلیے جان ہتھیلی پر رکھ کر سیاست کرتی رہیں انہیں پرویز مشرف کی آمریت کے دور میں اپنے وطن آنے سے روکا گیا لیکن انہوں نے جان کی پرواہ کیے بغیر پاکستان پہنچ کر آمریت کو للکارا جس کی پاداش میں انہیں شہید کیا گیا۔