عالمی برادری افغانستان میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کرے ،پاکستان

176

نیو یارک(آن لائن)پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اس کے حوالے کردے۔ یہ مطالبہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورت حال سے متعلق اجلاس کے دوران کیا گیا۔سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ افغانستان دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ہمارے حوالے کرے۔منیر اکرم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ خطے کے ممالک کے ساتھ خود افغانستان کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ واضح رہے کہ 3 دن قبل ایک ورلڈ فورم سے خطاب کے دوران بھی منیر اکرم نے مطالبہ کیا تھا کہ عالمی برادری افغانستان میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرے۔پاکستانی سفیر نے عالمی برادری سے افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ افغان عبوری حکومت نے داعش کے خلاف جنگ میں اہم پیشرفت کی ہے تاہم القاعدہ اور ٹی ٹی پی سمیت دوسرے کئی دہشت گرد گروپ آج بھی ان کے ملک میں فعال ہیں۔ منیر اکرم کا کہنا تھا افغانستان میں دہشت گردوں کے کچھ دیگر گروپس بھی موجود ہیں، جن میں القاعدہ، ٹی ٹی پی، اے ٹی آئی ایم، آئی ایم یو شامل ہیں، یہ وہ تمام گروپس ہیں جن کے خلاف افغان عبوری حکومت کو فوری اور سخت اقدامات کرنے چاہییں۔