لاہور (اسپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کا سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کٹیگری سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شان مسعود کپتان اور بابر اعظم بطور بیٹر کھیلیں گے، محمد رضوان ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ٹیم اور سلیکشن کمیٹی میں بھی تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا ہے، سینٹرل کنٹریکٹ میں رد وبدل ہوگا، سینٹرل کنٹریکٹ کارکردگی کی بنیاد پر دیئے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بابر اعظم اور محمد رضوان کا سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں جگہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دے رہا ہے، پی سی بی ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ پر کام جاری ہے۔