کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان اورچین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، مالی سال کے پہلے 11ماہ میں چین کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر35.16 فیصد اورچین سے درآمدات میں 34.40 فیصدکی نمو ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ میں چین کوپاکستانی برآمدات کاحجم 2.553 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 35.16فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کوبرآمدات سے ملک کو1.889 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔مئی میں چین کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 212.39 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواپریل میں 199.35 ملین ڈالر اورگزشتہ سال مئی میں 188.89 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023میں چین کوبرآمدات سے ملک کو2.025 ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ میں چین سے درآمدات پر12.14 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 34.40فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین سے درآمدات پر9.039 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا۔مئی 2024 میں چین سے درآمدات کاحجم1.50 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جواپریل میں 1.285 ارب ڈالراورگزشتہ سال مئی میں 695.14ملین ڈالرتھا۔