پری سیزن فٹنس، فیلڈنگ کیمپ اور پاکستان شاہینز کا تربیتی کیمپ کل سے شروع ہو گا

159

لاہو ر(آئی ا ین پی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ اور پاکستان شاہینز کے ٹریننگ کیمپ کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے جو کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں لگایا جائے گا۔ پری سیزن کیمپ میں 25 کرکٹرز شرکت کریں گے اور یہ 24 جون سے 7 جولائی تک جاری رہے گا ۔ ان 25 کھلاڑیوں کو مختصر کرکے 15 رکنی پاکستان شاہینز اسکواڈ میں تبدیل کردیا جائے گا جو 8 سے 13 جولائی تک تربیتی کیمپ میں ڈارون آسٹریلیا کے دورے کی تیاری کرے گا۔ پاکستان شاہینز 14 جولائی سے 18 اگست تک ڈارون کا دورہ کرے گی۔ ڈارون میں پاکستان شاہینز بنگلا دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچز کھیلے گی جبکہ 50 اوورز کے دو میچز ناردن ٹیریٹری اور بنگلہ دیش اے کے خلاف کھیلے گی اس کے علاوہ وہ نو ٹیموں کی ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں بھی شرکت کرے گی۔ پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی8سے 13جولائی تک پاکستان شاہینز کے تربیتی کیمپ کی نگرانی کریں گے اور ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر ڈارون بھی جائیں گے۔ وہ 29 جولائی کو بنگلا دیش اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے یہاں انہیں بنگلا دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں اپنی ذمہ داری سنبھالنی ہے۔ پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ کی نگرانی محمد مسرور کریں گے جو اسسٹنٹ کوچ اور منیجر کے طور پر ڈارون جائیں گے۔ عبدالرحمن وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر 28 جولائی کو ڈارون میں دو ون ڈے اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کو جوائن کریں گے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی جو اس وقت برطانیہ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں اور وہ کھلاڑی جو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کھیلے ہیں انہیں پری سیزن کیمپ سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔