پاکستان کے پہلے ہیومن ملک بینک کو  مذہبی خدشات کی بنا پر بند کر دیا گیا

375

کراچی: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹولوجی نے اپنے ‘ہیومن ملک بینک’ کو فتویٰ جاری ہونے کے بعد معطل کرنے کا اعلان کردیا اور مزید رہنمائی کے لیے اس معاملے کو اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیج دیا ۔

دارالعلوم کراچی سے فتویٰ جاری ہونے کے بعد ہیومن ملک بینک کے قیام کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کی رہنمائی لی جائے گی ۔

سندھ انسٹیٹیوٹ ؔف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹولوجی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہیومن ملک بینک کو بند کرنے کی وجہ دارالعلوم کراچی کی جانب سے جاری کیا گیا نظرثانی فتویٰ ہے، اس حوالے سے معاملے کو اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا گیا ہے۔

ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مزید بتایا کہ ہیومن ملک بینک کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل کے ساتھ  دارالعلوم کراچی سے بھی مزید رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اہلکار نے مزید بتایا کہ دارالعلوم کراچی اور اسلامی نظریاتی کونسل کسی بھی معاملے پر اسلامی رائے حاصل کرنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہیں، لہٰذا نئے سامنے آنے والے اس پیچیدہ مسئلے پر بھی ان ہی دونوں اداروں سے رہنمائی حاصل کرکے آئندہ کی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

سندھ انسٹیٹیوٹ ؔف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹولوجی کے مطابق پاکستان میں ہیومن ملک بینک اور ارلی چائلڈ ہیلتھ سینٹر کا افتتاح چند ہفتے قبل سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے یونیسیف اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے اشتراک سے کیا تھا۔

اس منصوبے کا مقصد قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو ماں کا دودھ فراہم کرنا تھا جو اپنی ماؤں سے مطلوبہ غذائیت حاصل نہیں کر سکتے تھے۔

واضح رہے کہ سندھ انسٹیٹیوٹ ؔف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹولوجی نے جمعہ کو بیان جاری کیا تھا جس میں ہیومن ملک بینک کے اقدام کو معطل کرنے کا اعلان کیا گیا اور اس میں وہ فتویٰ بھی شامل کیا گیا جو اس نے دودھ بینک کے قیام کے حوالے سے علمائے کرام اور مدارس سے مانگا تھا۔