سکھر: بارش سے شاہراہیںتالاب،کالونیاں ڈوب گئیں

163

سکھر (نمائندہ جسارت) گھنٹے بھر کی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا، شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، کالونیاں ڈوب گئیں، بارش کا پانی سول اسپتال کے میڈیکل وارڈوں میں داخل ہو گیا، مریضوں کے بستر گیلے ہو گئے، شہر اور گرد و نواح میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں مواصلاتی و بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا، سیپکو کے 70 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوگئے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، میونسپل کارپوریشن سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی نااہلی کے باعث بارش کا پانی پرانا سکھر کے مکینوں کے گھر اور دکانوں میں داخل ہو گیا، گندے جمع ہونے دکانوں میں موجود لاکھوں روپے کا سامان خراب ہونے کا اندیشہ ہے، ایک گھنٹے کی بارش میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے،اربن فلڈ کی صورتحال، پرانا سکھر کا علاقہ ڈوب گیا، گھروں میں پانی داخل، شہریوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ نقل و حرکت میں شدید دشواری کا سامنا ہے ، با لخصوص پرانا سکھر کی آبادی کے علاقوں میں پانی جمع ہے جہاں بارش کے پانی کا دریا بہہ نکلا ہے۔ دوسری جانب مون سون کی پہلی برسات کے نتیجے میں سکھر میں جاری شدید حبس اور گھٹن والے ماحول سے عوام کو چھٹکارا مل گیا، موسم میں بہتری آئی ہے۔