پشاور (صباح نیوز) بے پناہ اور ناقابل برداشت گرمی کی وجہ سے عوام گھروں تک محدود ہو گئے، شہر کی سڑکیں سنسان اور بازار ویرانے کا منظر پیش کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اس وقت ملک کے دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا اور گرمی کا احساس 45 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو رہا ہے جس کی وجہ سے شہر میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، لوگوں نے گھروں کے فریج اور فریزر عید قربان کے گوشت سے بھرے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے برف کے لیے بازاروں کا رُخ کر رہے ہیں، تاہم بازار وں میں تمام برف مشروبات فروخت کرنے والے صبح سویرے ہی خرید کر لے جاتے ہیں اور برف کی شدید قلت بھی پیدا ہو گئی ہے، برف بلیک میں ڈبل قیمت سے بھی زائد میں فروخت کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اندرون شہری علاقوں میں 50 جبکہ پشاور صدر میں 100 روپے سے کم پر برف دستیاب نہیں ہے۔ برف فروخت کرنے والے دکاندار دکانوں کے شٹر گرا کر برف فروخت کر رہے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ منافع کمایا جا سکے جبکہ شہر میں دوسری جانب بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث بھی برف کی شدید قلت پیدا ہو گئی اور متوسط و غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی برف کے حصول کے لیے سرکرداں ہیں۔