نکاسی آب کا نظام تباہ، سکھر گندے پانی میں ڈوب گیا

142

سکھر (نمائندہ جسارت) انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران و عملے سمیت نو منتخب نمائندگان کی ناقص کارکردگی کی بدولت سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں نکاسی آب کا نظام درست ہونے کے بجائے مزید خراب ہوگیا، ڈرینج سسٹم ناکارہ ہو جانے کی وجہ سے نالیوں اور گٹروں کا پانی سڑکوں پر جمع ہونا روز کا معمول بنتا جا رہا ہے، انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران سمیت نومنتخب نمائندگان کی جانب سے نکاسی نظام بہتر بنانے کے بلند و بانگ دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن اب تک مختلف تجارتی، کاروباری، رہائشی علاقوں و شہر کی مصروف ترین سڑکوں سے ڈرینج کا جمع پانی نہ نکالا جا سکا، نکاسی آب کا نظام تباہ ہونے کی وجہ سے شہر کی سڑکیں گندے پانی کے تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ شہری و سماجی حلقوں نے اس حوالے سے بالخصوص عوامی نمائندگان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی وجہ سے شہر لاوارث بن گیا، ہر جگہ ڈرینج سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے، نالیوں اور گٹروں کا پانی روڈوں پر کھڑا ہو جا تا ہے، شکایات پر بھی کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے حکام سے نوٹس لے کر شہریوں کو بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔