پاک ایرانی سیکورٹی بارڈرکو معاشی بارڈر میں تبدیل کرنے پر اتفاق

38

لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صدرپاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، تجارتی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک ایران بارڈر آف سکیورٹی کو بارڈر آف اکا نومی بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا
گیا۔ایران اور پنجاب کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون کے ا مکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ایران کی پنجاب سے گوشت کی امپورٹ 40فیصد سے 70فیصد تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے میں پنجاب کے تجارتی کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پنجاب میں فارسی زبان کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ ایرانی سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیراعلی مریم نوازشریف کو دورہ ایران کا تحریر ی دعوت نامہ پیش کیا۔ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف کوبھی دورہ ایران کی دعوت دی۔ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے ملاقات میں دورہ ایران کی یادیں تازہ کیں۔وزیراعلی پنجاب اورن لیگی صدر نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر رنج کااظہار کیا ۔ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہاکہ پاکستان کے ممنون ہیں،پاکستانی عوام نے دوستی کا پورا حق ادا کیا۔شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی محمد نوازشریف سے ملاقات کے متمنی تھے، دورہ چین کی وجہ سے ملاقات نہ ہوسکی۔ پاکستان ایران کے لیے بہت خاص اہمیت رکھتاہے -شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں اور ایم او یو کا تسلسل برقرار رہے گا-ایرانی سفیر نے مریم نوازشریف کو خاتون وزیراعلی پنجاب کی حیثیت سے 100دن کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ایرانی سفیر نے وزیراعلی مریم نوازشریف کے عوام دوست اقدامات کو سراہا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔اصفہان،مشہد اورلاہور کے جڑواں شہروں کے ثقافتی روابط کومزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔