بینظیر بھٹو امید، بہادری اور حوصلے کی کرن تھیں،بلاول

100
لاڑکانہ: صدر مملکت آصف علی زرداری گڑھی خدابخش میں بینظیر بھٹو کی قبر پر گلاب کی پتیاں ڈال رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید امید، بہادری اور حوصلے کی کرن تھیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یومِ پیدائش پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے بی بی شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کی قیادت وڑن، اقدار اور ترقی کا مجسم نمونہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا یومِ پیدائش ہونے کے باعث 21 جون قوم کیلیے بڑی اہمیت کا حامل ہے، وہ امید، بہادری اور حوصلے کی کرن تھیں، چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بی بی شہید نے رواداری و اتحاد کے فروغ، شہری آزادیوں کے تحفظ اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے انتھک جدوجہد کی، بینظیر بھٹو شہید سب کیلیے مساوی مواقع پر یقین رکھتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آمریتوں کی جانب سے جھوٹے مقدمات اور قید تنہائی کا سامنا کرنے کے باوجود بی بی شہید اپنی آخری سانس تک ظلم و جبر کے خلاف لڑتی رہیں، انہوں نے ہمیں معاف کرنے کی طاقت سے بھی روشناس کرایا۔ ان کاکہنا تھا کہ ہم یکساں حقوق و فلاحی ریاست کے قیام کیلیے ناانصافی و استحصال کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔