شہروں اور قصبوں میں تقریبًا 770 غیر قانونی گھریلو کنکشن ہٹا دیے

92

کراچی(کامرس رپورٹر)سوئی سدرن نے اپنے فرنچائز صوبوں سندھ اور بلوچستان کے رہائشی علاقوں میں چھاپوں کے ذریعے گیس چوری کے واقعات کے خلاف زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ جاری رکھا ہوا ہے.تازہ کارروائیوں میں کمپنی کی تھیفٹ کنٹرول ٹیموں نے مختلف شہروں اور قصبوں میں تقریبًا 770 غیر قانونی گھریلو کنکشن ہٹا دیے. تجارتی مقاصد کے لیے براہ راست لائنوں سے گیس چوری کرنے میں ملوث افراد کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کر دی گئیں۔کراچی میں کسٹمر ریلیشنز ڈپارٹمنٹ کی تھیفٹ کنٹرول ٹیموں نے ایف بی ایریا اور لیاقت آباد میں 570 غیر قانونی گھریلو زیر زمین اور اوور ہیڈ کنکشنز ہٹا دیے.چوری کے زیادہ تر کیسز میں رہائشیوں نے غیر قانونی طور پر گیس کنکشنز بڑھائے ہوئے تھے، جنہیں چھاپوں کے دوران ختم کر دیا گیا. مزید غیر مجاز کنکشنز کے استعمال کو روکنے کے لئے سوئی سدرن کی ٹیموں نے سروس لائنوں کو بھی ختم کردیا. نارتھ کراچی میں ایک بیکری فیکٹری کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی جو سیکیورٹی سروسز اینڈ کاؤنٹر تھیفٹ آپریشنز (ایس ایس اینڈ سی جی ٹی او) اور سوئی سدرن پولیس کے چھاپے کے دوران سروس لائن کے ذریعے براہ راست ہیوی جنریٹر استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔چوری سے ہونے والے نقصانات کی وصولی کے لئے کے دعوے دائر کیے جا رہے ہیں۔سوئی سدرن کی تھیفٹ کنٹرول ٹیموں نے نواب شاہ اور لاڑکانہ کے علاقوں میں زیر زمین اور اوور ہیڈ چوری میں ملوث گھروں پر بھی چھاپے مارے اور 25 غیر قانونی گھریلو کنکشن ہٹائے.چوری میں استعمال ہونے والے کلمپ اور ربڑ کے پائپوں کو چھاپہ مار ٹیموں نے ہٹا دیا. چوری کے دعوے دائر کیے جا رہے ہیں۔