لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنمائوں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے نئی سیاسی جماعت لانچ کر دی‘ ایم کیوایم رہنما شامل ہوگئے‘ مہینوں کی قیاس آرائیوں کے بعد ملک کے سیاسی افق پر ’’عوام پاکستان‘‘ کے نام سے نئی سیاسی جماعت نے جنم لیا ہے۔ ’’عوام پاکستان‘‘ کے ایکس اکائونٹ پر ’’عوام پاکستان: بدلیں گے نظام‘‘ کی ٹیگ لائن کے ساتھ ایک وڈیو شیئر کی گئی جسے سابق لیگی رہنمائوں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے ری پوسٹ کیا۔ وڈیو میں مایوس عوام متعدد قومی مسائل جیسے مہنگائی، گیس اور بجلی کی قلت، بدعنوانی، بے روزگاری اور لڑکیوں کے لیے اسکولوں کی کمی کے بارے میں سوالات کرتے نظر آئے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر2022ء اور 2023ء میں پارٹی پالیسی سے اختلافات کے باعث اپنی جماعتوں کو چھوڑنے کے بعد سے اس منصوبے پر کام کر رہے تھے۔