اسلام آباد:بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں نیب نے 2 گواہوں پر جرح مکمل کرلی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں ریفرنس پر سماعت کی، جس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر چودھری نذر، عرفان بھولا اور سہیل عارف جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا عثمان گل، ظہیر عباس چودھری پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران نیب کے 2 گواہان پر جرح مکمل کرلی گئی جب کہ 2 پر ابتدائی جرح کی گئی۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے طبی معائنے کی درخواست عدالت میں جمع کرائی گئی جس پر عدالت نے جیل حکام کو ان کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا۔ بعد ازاں عدالت نے ریفرنس کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی۔