بلاول نے وزیراعظم کو بجٹ منظوری میں تعاون کی یقین دہانی کرادی

225

اسلام آباد:بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو وفاقی بجٹ کی منظوری میں تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی بجٹ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے تحفظات پر سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں شہباز شریف نے تمإ تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس پر بلاول نے جواباً بجٹ کی منظوری میں تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

پی ایم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف بھی بلاول بھٹو کے ساتھ موجود تھے۔

ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ پر اپنی پارٹی کے تحفظات وزیر اعظم کو پیش کیے۔ بعد ازاں شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو بجٹ کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی جب کہ بلاول بھٹو نے بجٹ منظوری میں تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ بلاول بھٹو نے وفاقی بجٹ پر پیپلزپارٹی کو اعتماد میں نہ لینے کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھا اور اعتماد میں نہ لینے پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔

بلاول بھٹو نے وزیر اعظم سے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ایک معاہدے کے تحت حکومت کی حمایت کی مگر حکومت اُس معاہدے پر عمل نہیں کررہی۔ اس کے علاوہ پی پی چیئرمین نے پنجاب حکومت کی جانب سے پیپلزپارٹی کے خلاف کیے گئے اقدامات پر بھی شکوہ کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب میں پیپلزپارٹی کو محدود کررہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کے بیشتر نکات سے اتفاق کیا اور معاملات کے حل کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ پیپلزپارٹی اور حکومت کی کمیٹیاں کل ملاقات کرکے وزیراعظم اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی روشنی میں معاملات کو آگے بڑھائیں گی۔