اسلام آباد:کابینہ کمیٹی کی جانب سے پاکستان ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو ختم کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی کاروباری اداروں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کابینہ ڈویژن نے پی ٹی ڈی سی اور پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان (پی سی پی) سے متعلق سمری پیش کی گئی۔
کابینہ کمیٹی نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ قانونی چارہ جوئی ختم کرکے پی ٹی ڈی سی کو ختم کرنے کا عمل شروع کر دیا جائے اور پی سی پی کے بورڈ کو ایس او ای کے قانون کے مطابق دوبارہ تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں پیپک کو ختم کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دے دی اور حکام کو این سی ایل کے جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
کابینہ کمیٹی نے پورٹ اتھارٹیز کی درجہ بندی سے متعلق وزارت بحری امور کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کی مزید منظوری دے دی اور بریفنگ میں کہا گیا کہ پورٹ آپریشنز پہلے ہی متعدد معاملات میں آؤٹ سورس کردیے گئے ہیں۔
کمیٹی نے پورٹ اتھارٹیز کا گورننس فریم ورک ایس او ای قانون کے مطابق کرنے کے لیے متعلقہ قوانین میں ترامیم کرنے کی بھی ہدایت کردی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز سے متعلق نامزدگیوں کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔