پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ٹی ٹی پی کمانڈر افغانستان میں ہلاک

180

کابل (صباح نیوز)شوری ممبر ٹی ٹی پی ملاکنڈ کمانڈر عبد المنان عرف حکیم اللہ کو افغانستان کے شہر کنٹر میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عبدالمنان ٹی ٹی پی کے عظمت اللہ محسود (عظمت لالہ) والی ملاکنڈ کا ذاتی معاون اور باجوڑ میں دہشت گرد ٹیمیں بھیجنے کا انچارج مقرر کیا گیا تھا۔دہشت گرد کمانڈر عبد المنان عرف حکیم اللہ کو نامعلوم افراد نے چاغاسرائے، ضلع اسد آباد، کنڑ، افغانستان میں ٹارگٹ کر کے قتل کیا ،عبد المنان باجوڑ میں ٹارگٹ کلنگ، آئی ای ڈی دھماکوں، پوسٹوں پر حملے، اور بھتا خوری وغیرہ سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہا۔ 2014میں دہشت گرد عبدالمنان کو افغان حکومت نے صوبہ ننگر ہار سے گرفتار کیا لیکن 2021 میں افغان طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد دہشت گرد عبدالمنان کو باقی دہشت گردوں کے ساتھ رہا کر دیا گیا دہشت گرد عبدالمنان کے بھائی طارق عرف اسد کا تعلق بھی ٹی ٹی پی سے ہے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ عبدالمنان کو منگل کی سہ پہر 3 بجے ڈھیراکئی میں دفنا دیا گیا۔ ٹی ٹی پی کے اہم سرغنہ عبدالمنان کی ہلاکت ٹی ٹی پی کے لیے بڑا دھچکا قرار دی جا رہی ہے۔