پاکستان کیخلاف ہتھکنڈے‘جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا معمول بن گئے ‘ آرمی چیف

143

راولپنڈی(صباح نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہتھکنڈے اور جعلی فلیگ آپریشنزبھارت کا معمول کا سیاسی آلہ کاربن چکے ہیں،بھارت کشمیریوں کے خلاف جارحیت کی پردہ پوشی کر رہا ہے۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے حاجی پیر سیکٹر لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر راولپنڈی نے ان کا
استقبال کیا۔ آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کے لیے فوجیوں کی لگن، بلندحوصلے اور عزم کوسراہتے ہوئے کہا کہ بطور فوجی ہم دوران ڈیوٹی اپنے گھروں اور پیاروں سے دور تہوارمنانے پرفخرمحسوس کرتے ہیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مقبوضہ کشمیرکے معاملے پریو این قراردادوں کے مطابق پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا اور مقبوضہ جموں کشمیر میں کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہدپرگفتگو کی جبکہ انہو ں نے کشمیریوں پربھارتی ظلم وجارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کی حمایت کی ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی یاپاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کافوری اورپرعزم جواب دیا جائے گا۔