ایک جماعت پاک چین تعلقات پر پر وپیگنڈا کر رہی ہے ‘ احسن اقبال

149

 

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت چندروز سے پاک چین تعلقات پر پروپیگنڈا اوراداروں کے خلاف مہم چلارہی ہے۔ حالیہ دورے کے بعد چین کے ساتھ تعلقات مزید بڑھے ہیں اور چینی صدر نے کہا
ہم اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھاکہ مخالفین کو دباؤ میں لانے کے لیے ٹرولنگ شروع کی جاتی ہے، تنقید کرنے والوں کو ٹرولنگ کے ذریعے ہراساں کیا جاتا ہے، حکومت اور اپوزیشن میں رہے لیکن کبھی ریاستی اداروں کو تنقیدکا نشانہ نہیں بنایا، اداروں کوکمزور کریں گے تو ریاست کی بقا کے لیے باہر سے کوئی ضمانت نہیں لا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات پر ٹرولنگ شروع کردی گئی ہے، تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ خدانخواستہ پاکستان اورچین کے تعلقات میں کمی آگئی ہے، پہلی دفعہ اسپیس کے شعبے میں پاکستان اور چین کے تعلقات آگے لے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ چین کے اشتراک سے اسپیس پروگرام کو آگے بڑھائیں گے، چین نے کہا ہے وہ اپ گریڈیڈ لیول پر سی پیک کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے، چین سے روابط کو اسپیس کے شعبے میں بھی وسعت دی گئی ہے۔ پاک چین تعلقات کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ مشترکہ بیان سننے کے بعد کوئی احمق ہی ہوگا جوکہے تعلق کم ہورہاہے، حالیہ دورے کے بعد چین کے ساتھ تعلقات مزید بڑھے ہیں، چینی صدر نے کہا ہم اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت چندروز سے پاک چین تعلقات پر پروپیگنڈا کررہی ہے، یہ کہنا دشمن کا پروپیگنڈا ہے کہ چین نے تعلقات کو ڈاؤن گریڈ کردیا، یہ جماعت چین سے متعلق مخصوص ایجنڈا اپنائے ہوئے ہے، یہ لوگ چین سے تعلقات خراب ہونے کا تاثر دے رہے ہیں لیکن چین سے ہمارا تعاون ہمالیہ سے بھی بلند ہو چکا ہے۔ احسن اقبال کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی سمیت کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، ایک سیاسی جماعت پاک چین تعلقات خراب کرنے میں ٹرول گردی کر رہی ہے، ان لوگوں کیخلاف سخت کارروائی جلد دکھائی دے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی کے آرٹیکل سے ریاست کی پالیسی ظاہرنہیں ہوتی، دنیا بھر میں آرٹیکل لکھے اور لکھوائے جاتے ہیں، کوئی بھی ملک اور ریاست آرٹیکلز کے مطابق پالیسی نہیں بناتی، پالیسی کے فیصلے حکومتوں کے درمیان طے پانے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ آپس کے اختلافات ہوسکتے ہیں، اس کا مطلب یہ کہ ریاست کے مفاد کیساتھ کھیلیں؟ ریاست کے مفادات کے ساتھ کھیلیں گے تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، ہمارا فرض ہے پاکستانی ریاست کے مفادات کا دفاع کریں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ چین کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نے سالانہ 3 لاکھ پاکستانیوں کو تربیت دینے کا وعدہ کیا ہے، زرعی شعبے کی ترقی کے لیے چین سے جدید ٹیکنالوجی لانے کے لیے تربیت فراہم کی جائیگی، نوجوانوں کو نفرت سے پاک کرکے بہترین تربیت دینی ہے۔