لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عیدالاضحیٰ پر شہروں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے پر میونسپل حکام اور شہریوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ شہروں، اضلاع، تحصیلوں اور یونین کونسلوں میں کچرے کو ہٹانے اور صفائی کو یقینی بنانے کی مہم شہریوں کے تعاون سے ہی کامیاب رہی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب کے منتخب عوامی نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا انہوں نے یہ صفائی کی مہم میں بھر پور شرکت کی ۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر عید الاضحی کے دوسرے روز کلین اسلام آباد مشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔
اسلام آباد پولیس اور سیف سٹی کے مشترکہ آپریشن کے تحت اسلام آباد کو زیرو ویسٹ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید کے دوسرے روز 750 ٹن سے زائد کچرے کو ٹھکانے لگایا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ آپریشن میں اب تک 2507 ٹن جانوروں کا فضلہ تلف کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے دوسرے روز صفائی سے متعلق 45 شکایات موصول ہوئیں جن کا فوری ازالہ کیا گیا۔
صفائی کی ٹیمیں شہر بھر میں گشت کر رہی ہیں ، جانوروں کے فضلے کو ٹھکانے لگانے کے ساتھ شہر کی صفائی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔