کراچی کے ہاکس بے پر ایک خاتون سمیت 4 افراد ڈوب گئے

306

کراچی :عید کے تیسرے روز ہاکس بے ساحلی پٹی پر پکنک منانے کے لیے آنے والے ایک خاندان کے 4 افراد بحیرہ عرب میں ڈوب گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق سمندر میں ڈوبنے والے 4 افراد میں سے ایک خاتون سمیت 3 افراد کو بچا لیا گیا ہے جب کہ چوتھے لاپتہ شخص شہریار کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 4 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور کراچی کے فیڈرل بی ایریا کے رہائشی ہیں۔

اس سے قبل سندھ حکومت نے کراچی کے ساحلی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران سمندر میں تیرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران شہر کے ساحلوں پر آنے والے پکنکرز کی جانوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ پولیس اہلکار ساحل سمندر پر تعینات ہیں تا کہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے سمندر میں تیرنے والوں کو روکا جا سکے ۔

یہ پابندی حکام کی طرف سے ایک احتیاطی اقدام ہے، اور ساحل سمندر پر جانے والوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس کی تعمیل کریں اور سمندر میں ممکنہ طور پر خطرناک تیراکی سے گریز کریں۔