بھارت الیکشن کے بعد سے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے، آرمی چیف

338

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے الیکشن کے بعد سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر راولپنڈی کی جانب سے آرمی چیف کا استقبال کیا گیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے فرنٹ لائن پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کے ساتھ نمازعید اداکی اور اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی۔ اس موقع پر انہوں نے جوانوں کے ساتھ ملکی سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی جب کہ جنرل عاصم منیر نے پاکستان کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کے لیے فوجیوں کی لگن، بلندحوصلے اور عزم کوسراہتے ہوئے کہا کہ بطور فوجی ہم دوران ڈیوٹی اپنے گھروں اور پیاروں سے دُور تہوارمنانے پرفخرمحسوس کرتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیرکے معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہدپرگفتگو کی جب کہ انہو ں نے کشمیریوں پربھارت کے جاری ظلم و جبر کی مذمت بھی کی۔

انہوں نے نے کہا کہ انتخابات کے بعد سے بھارت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈاکرنے کی کوشش کررہا ہے، ایسے ہتھکنڈے اور جعلی فلیگ آپریشنزبھارت کا معمول کا سیاسی آلہ کاربن چکے، پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کی حمایت کی ہے۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی یاپاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کافوری اورپرُعزم جواب دیا جائےگا۔