نیو یارک(نمائندہ خصوصی )آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 34ویں میچ میں دفاعی چمپئن انگلینڈ نے بارش سے متاثرہ میچ میں نمیبیا کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 41رنز سے شکست دے کر 2اہم پوائنٹس حاصل کرلیے۔نارتھ سائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کو انگلش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا اور میچ کو پہلے 11اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا لیکن انگلش ٹیم کی اننگز میں پھر بارش کی وجہ سے میچ رکا اور پھر فی اننگز 10اوورز تک محدود کی گئی۔انگلینڈ نے مقررہ 10اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 122رنز اسکور کیے تاہم ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نمیبیا کو 126رنز کا ہدف ملا۔انگلش ٹیم کی جانب سے ہیری بروک نے ناقابل شکست 47اور جونی بیئراسٹو نے 31رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ فل سالٹ 11، کپتان بٹلر صفر، معین علی 16اور لیونگ اسٹن13رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ نمیبیا کی جانب سے روبین ٹرمپلمین نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔انگلینڈ کے 126رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ 10اوورز میں 3وکٹوں پر 84رنز بنا سکی۔مائیکل وین 33، نکولس ڈیون 18اور ڈیوڈ ویزا نے 27رنز اسکور کیے۔انگلش ٹیم کی جانب سے آرچر اور جارڈن نے ایک ایک وکٹ لی۔یوں انگلینڈ نے 41رنز سے کامیابی حاصل کرکے سپر 8مرحلے میں پہنچنے کی امید برقرار رکھی۔گروپ بی سے آسٹریلیا پہلے ہی سپر 8مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے، انگلش ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کیلئے کینگروز کے ہاتھوں اسکاٹ لینڈ کی شکست کا انتظار کرنا ہوگا۔گروپ بی میں آسٹریلیا 6پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ 5،5پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں