متحدہ عرب امارات کی پاکستان کو ویزا سے متعلق خدمات کو ہموار کرنے میں ہر ممکن مدد کی پیشکش

371

شارجہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیرمحترم جناب فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر انسانی وسائل و اماراتی امور عزت ماب ڈاکٹر عبدالرحمن عبدالمنان الاوار سے ملاقات کی۔ سفیر ترمذی نے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین کی جانب سے عزت ماب ڈاکٹر عبدالرحمن عبدالمنان الاوار کو تہنیت اور شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص متحدہ عرب امارات میں متعدد شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانی تارکین وطن سے متعلق امور پر توجہ مرکوز کی گئی۔ سفیر ترمذی نے ایک برادر اور دوست ملک کی حیثیت سے پاکستان پر بھرپور اعتماد کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔ سفیر ترمذی نے پاکستان پر ایک برادر اور دوستانہ ملک کے طور پر بھرپور اعتماد کے اظہار پر امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امارات کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تقریباً 1.7 ملین پاکستانیوں کی میزبانی کی ہوئی ہے جو اپنی فیملیز اور ملک کی مدد کرتے ہوئے ترسیلات زر بھیج رہے ہیں۔فریقین نے امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے اہم کردار اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے بے پناہ امکانات پر زور دیا۔پاکستان اور امارات نے متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ویزا پروسیسنگ، اسکریننگ، دستاویزات کی تصدیق وغیرہ میں باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔وزیر برائے انسانی وسائل اور اماراتی امورنے ویزا سے متعلق خدمات کو مربوط کرنے میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کی، خاص طور پر جدید ترین تکنیکی طریقوں کے اشتراک کو جس سے انسانی مداخلت کم ہو اور شفافیت یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور اگر کوئی چیلنجز ہیں تو دونوں فریق مل کر کام کریں گے۔ سفیر ترمذی نے پاکستانی ورکرز کے لیے ہیلتھ انشورنس پر بھی تبادلہ خیال کیا، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں فریق متعلقہ مسائل کو حل کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے اور ورکرز کو ہیلتھ انشورنس اسکیموں کا انتخاب کرنے کی ترغیب دیں گے۔ ملاقات میں دونوں اطراف کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔