ٹیریان کیس،عمران خان کی نا اہلی کیخلاف درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج

107

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ٹیریان کیس عدالت عظمیٰ میں پہنچ گیا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف نا اہلی کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کر دیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل شہری محمد ساجد نے اپنے وکیل رفعت حسین کے ذریعے عدالت عظمیٰ میں دائر کی، عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی گئی۔عدالت
میں دائر اپیل میں بانی پی ٹی آئی، الیکشن کمیشن، سرکار کو فریق بنایا گیا ہے، اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا 21 مئی 2024ء کافیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا بانی پی ٹی آئی نے اپنی بیٹی ٹیریان وائٹ کو دستاویزات میں ظاہر نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا، ولدیت کیلیفورنیا کی عدالت نے ثابت کی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو دلائل مکمل کرنے کا موقع نہیں دیا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ ہائیکورٹ کے 3 رکنی بینچ نے اس سے قبل کیس کو سنا، فیصلہ محفوظ کیا، چیف جسٹس عامرفاروق نے اپنا فیصلہ نہیں سنایا،2 ججز نے اپنا فیصلہ ویب سائٹ پر اپلوڈ کروایا، 2 ججز کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں،3 رکنی بینچ 2-1 سے فیصلہ کر سکتاہے۔ درخواست میں کہا گیا اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے، بانی پی ٹی آئی کیخلاف نا اہلی کی درخواست منظور کی جائے۔